لاہور(پنجاب پوسٹ) میں ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور ٹریفک پولیس نے 99 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس خصوصی آپریشن کا مقصد ٹریفک سگنلز پر گداگری کی روک تھام، شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کارروائی کے دوران بچوں، خواتین، بزرگوں، خواجہ سراؤں اور معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
انسپکٹر فہمیدہ ذیشان کی سربراہی میں قائم بیگرز ٹیم نے مختلف ٹریفک سگنلز پر کارروائیاں کرتے ہوئے 99 بھکاریوں کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد میں سے مستحق افراد کو سوشل ویلفیئر، ایدھی ہومز جبکہ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا تاکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ شہر بھر کے ٹریفک سگنلز کی مسلسل نگرانی کریں اور لمحہ بہ لمحہ فیلڈ اسٹاف کو صورتحال سے آگاہ رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بوڑھا، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگتا نظر نہیں آنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:گوجرانوالہ پولیس کا بڑا کریک ڈاون ۔۔۔ خطرناک ملزمان کا گھیرا تنگ
انہوں نے بتایا کہ گداگری کے خلاف مؤثر آپریشن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور بڑی بسیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ گرفتار افراد کو فوری طور پر متعلقہ اداروں تک منتقل کیا جا سکے۔ مزید برآں نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے اور عادی پیشہ ور گداگروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق رات کے وقت ٹریفک سگنلز کے آلات اور تنصیبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھکاریوں کی بھی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ور گداگر اکثر عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری یا دیگر حربے استعمال کرتے ہیں، اس لیے شہری اپنی محنت کی کمائی ایسے عناصر کو دینے کے بجائے ذمہ دار اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گداگری کی حوصلہ شکنی سے نہ صرف معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی بلکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور سڑکوں پر حادثات کے امکانات میں بھی کمی آئے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی نشاندہی کریں اور اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔









