راولاکوٹ (پنجاب پوسٹ) نئے بس ٹرمینل کے قریب آج صبح پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ حکام کے مطابق کالعدم تنظیم جے اے اے سی (JAAC) سے منسلک مظاہرین اور مسلح افراد نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
آزاد کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے کارروائی کی، تاہم انہیں بھی فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس تمام صورتحال کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جس میں فائرنگ کے شواہد سامنے آئے۔
آزاد کشمیر پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے دھماکہ خیز مواد کے استعمال کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی شہری گھروں تک محدود ہو گئے۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالات کو جلد معمول پر لایا جائے گا۔








