بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن، کن علاقوں میں ہوئی مسماری؟

لاہور( پنجاب پوسٹ ) شہر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مخدوش اور غیر قانونی عمارات کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر آپریشن تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کے دوران 8 مخدوش عمارات مسمار جبکہ 4 عمارات کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں داتا گنج بخش اور شالیمار زونز سمیت جی ٹی روڈ، باغبانپورہ، اسلام پورہ، غوری شاہ روڈ، کاچھو پورہ، ساندہ روڈ اور عبدالی روڈ میں کی گئیں، جہاں نقشہ جات کی خلاف ورزی اور خطرناک قرار دی گئی تعمیرات کے خلاف مسماری عمل میں لائی گئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے خستہ حال دیواروں اور مخدوش عمارات کو فوری طور پر گرایا گیا، جبکہ ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں کے قریب قائم غیر قانونی تعمیرات بھی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہٹا دی گئیں۔ ایوب روڈ پر بجلی کی تاروں کے باعث حساس صورتحال کے پیشِ نظر مخدوش حصہ بھاری مشینری استعمال کیے بغیر محفوظ انداز میں مسمار کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں خطرناک عمارات کی نشاندہی کا عمل مزید تیز کیا جائے اور نقشہ کی خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسماری کے دوران شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ "عوامی تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، مخدوش عمارات کو ہر صورت ہٹایا جائے گا، جبکہ شہر میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔”

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے