ذاتی رنجش یا منصوبہ بندی؟ والٹن روڈ پر خاتون کو زندہ جلانے کی کوشش

لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر ایک خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ اختر نواز، اے ایس پی ڈیفنس فضل رحمان اور پولیس کی نفری چند منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ذاتی رنجش کی بنا پر ملزم خالد نے خاتون پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

ایس پی کینٹ کے مطابق واقعے کے دوران ملزم خود بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گیا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون اور زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا، جہاں دونوں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛پتوکی مختلف حادثات، مزدور جاں بحق، خاتون سمیت 3 افراد زخمی

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ فرانزک شواہد کی روشنی میں مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی درخواست موصول ہونے پر قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد، ہراسانی اور اس نوعیت کے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، جبکہ ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے