لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب کی زمین پر سبز تبدیلی کا سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ شجرکاری مہم 2025-26 کی کامیابی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں بنجر زمینوں کو سرسبز جنگلات میں تبدیل کرنے کا عمل ایک تاریخی کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں ایسے سبز انقلاب کی مثال نہیں ملتی، جہاں بڑے پیمانے پر شجرکاری کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔ ان کے مطابق 4 کروڑ درخت لگانا صرف ایک آغاز ہے، آنے والے دنوں میں پنجاب جنگلات، صاف ہوا اور بہتر ماحول کے حوالے سے ایک نمایاں صوبہ بنے گا۔
مریم نواز شریف کے مطابق دو سالہ شجرکاری مہم کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر درخت لگائے گئے، جبکہ پنجاب کے 54 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 5 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف حاصل کیا گیا۔ بہاولپور سے ڈیرہ غازی خان، مری سے مظفرگڑھ، چیچہ وطنی سے فیصل آباد اور رحیم یار خان سے گوجرانوالہ تک سبزے میں اضافہ ماحول کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شجرکاری صرف درخت لگانے کا عمل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہی بہتر اور سرسبز مستقبل کی ضمانت ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں جنگلات کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جی آئی ایس لیب کے ذریعے درختوں کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں مصنوعی ذہانت سے مزین ڈرونز اور سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے جنگلات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کے باعث درختوں کی غیر قانونی کٹائی، جنگلات پر تجاوزات اور آگ لگنے جیسے واقعات کی فوری نشاندہی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے لینڈ سیٹ، سینٹینل، سپاٹ اور ورلڈ ویو جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم کا حصہ بنیں اور آج ایک درخت لگا کر نئی نسل کے لیے سرسبز پنجاب کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لگایا گیا ہر درخت آنے والے کل کے صاف ماحول اور بہتر زندگی کی بنیاد بنے گا۔








