لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کو نئی رفتار دینے کے لیے حکومت متحرک ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ صوبے میں ترقی، خوشحالی اور خوبصورتی کا سفر ایک ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر مختلف شہروں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت اس وقت صوبے کے 52 شہروں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کو جدید بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، اسی لیے مون سون سیزن سے قبل واٹر سپلائی اور سیوریج سے متعلق منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سے پہلے ترقیاتی منصوبوں کے تحت کھودی گئی سڑکوں اور گڑھوں کو ہر صورت بھرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران عوام اور مزدوروں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات بھی یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترقی کے ساتھ ساتھ پنجاب بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہروں کی خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف پارکس، گرین بیلٹس اور انٹری پوائنٹس کو بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ پبلک مارکیٹس کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق منڈی بہاؤالدین، سمبڑیال، چنیوٹ، رحیم یار خان اور اوکاڑہ میں خوبصورت پارکس، جدید مارکیٹس اور دلکش انٹری پوائنٹس مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ سرگودھا، اٹک، گوجرانوالہ، راولپنڈی، شکرگڑھ اور خوشاب میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود پنجاب ڈیولپمنٹ پلان اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں تاکہ منصوبے مقررہ وقت کے اندر اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل ہوں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن ہے کہ پنجاب کا ہر شہر جدید سہولیات، بہتر انفراسٹرکچر، صاف ماحول اور خوبصورتی کے لحاظ سے لاہور کی طرز پر ترقی کرے، تاکہ صوبے کے ہر شہری کو یکساں معیار کی شہری سہولیات میسر آ سکیں۔











