اب معیاری تعلیم صرف نجی سکولوں تک محدود نہیں رہے گی ، پنجاب میں نئے منصوبے نے توجہ حاصل کر لی

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں سرکاری تعلیم کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں "نواز شریف سینٹر آف ایمیننس” منصوبے نے عوامی توجہ حاصل کرتے ہوئے داخلوں کے حوالے سے غیر معمولی ردِعمل حاصل کیا ہے۔ حکومت پنجاب کے مطابق صرف 65 فعال نواز شریف سینٹر آف ایمیننس میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کرائیں، جسے منصوبے کی عوامی پذیرائی اور معیاری تعلیم میں بڑھتی دلچسپی کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 114 نواز شریف سینٹر آف ایمیننس کو 14 اگست تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ ستمبر تک ایسے مراکز کی تعداد بڑھا کر 300 تک پہنچائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف سینٹر آف ایمیننس کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے، جہاں ہر کلاس میں صرف 30 طلبہ ہوں گے تاکہ اساتذہ ہر طالب علم پر بھرپور توجہ دے سکیں۔ منصوبے کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ اساتذہ تعینات کیے جائیں گے، جدید تدریسی ماحول فراہم کیا جائے گا اور معاشی طور پر کمزور اور محروم طبقے کے بچوں کو زیرو فیس پر تعلیم دی جائے گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جن والدین کی ماہانہ آمدن دو لاکھ روپے تک ہے، ان کے بچوں سے بھی کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ مکمل فیس ادا کرنے کی استطاعت رکھنے والے طلبہ کے لیے بھی 10 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے تاکہ مختلف معاشی طبقات کے طلبہ ایک ہی تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "نواز شریف سینٹر آف ایمیننس پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ داخلوں کے لیے طلبہ کا غیر معمولی رش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے داخلہ ٹیسٹ میں طلبہ کی بڑی تعداد دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی۔

مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ہر ضلع اور ہر تحصیل میں نواز شریف سینٹر آف ایمیننس قائم کیے جائیں گے تاکہ صوبے کا ہر بچہ، چاہے اس کا تعلق کسی بھی علاقے یا معاشی طبقے سے ہو، معیاری اور جدید تعلیم کے یکساں مواقع حاصل کر سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف سینٹر آف ایمیننس ان کے دل کے بہت قریب منصوبہ ہے اور اس کی ابتدائی کامیابی پر وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد صرف نئی عمارتیں تعمیر کرنا نہیں بلکہ ایسا تعلیمی نظام قائم کرنا ہے جو آنے والی نسلوں کو عالمی معیار کی تعلیم، بہتر مواقع اور روشن مستقبل فراہم کر سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے