لاہور: (پنجاب پوسٹ)لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن حکام نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک مسافر کو جعلی امیگریشن مہروں کے ساتھ جبکہ دوسرے مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ اور امیگریشن چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو جانے والے ایک مسافر کو امیگریشن کلیرنس کے دوران مشکوک قرار دیا گیا۔
گرفتار ہونے والے مسافر کی شناخت سہراب خان کے نام سے ہوئی، جو سری لنکن ایئرلائن کی پرواز نمبر UL-154 کے ذریعے کولمبو روانہ ہو رہا تھا۔ امیگریشن حکام نے دستاویزات کی جانچ کے دوران اس کے پاکستانی پاسپورٹ پر لگی امیگریشن مہروں کو مشکوک پایا۔ مزید تفتیش اور فرانزک جانچ پر ان مہروں کے جعلی ہونے کی تصدیق ہوئی، جس پر مسافر کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ایف آئی اے حکام نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا، جہاں اس سے جعلی سفری دستاویزات اور ممکنہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے دبئی سے لاہور پہنچنے والے ایک مطلوب ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عبدالوکیل خان کے نام سے ہوئی، جو فلائی دبئی کی پرواز نمبر 9P-503 کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور اور ننکانہ میں بی آئی ایس پی رقوم میں مبینہ کٹوتیوں کا نیٹ ورک کیسے پکڑا گیا ؟
امیگریشن چیکنگ کے دوران ملزم کا نام PNIL (پاکستان نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ) میں موجود پایا گیا۔ حکام کے مطابق عبدالوکیل خان ایف آئی اے گوجرانوالہ کو سال 2025 سے مطلوب تھا۔ شناخت کی تصدیق کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کا کہنا ہے کہ ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جدید امیگریشن نظام اور سخت نگرانی کے ذریعے جعلی سفری دستاویزات استعمال کرنے والوں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور مطلوب ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔








