لاہور: (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی ایچ کیو میانوالی کو ٹیچنگ ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے اور میانوالی میڈیکل کالج کے قیام کے منصوبے کو تیز کرنے کے لیے ٹرانزیشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسپیشل سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ممبر/سیکرٹری ہوں گے۔ کمیٹی میں اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور سی ای او ہیلتھ میانوالی بھی شامل ہیں۔
کمیٹی ڈی ایچ کیو میانوالی کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لے گی اور موجودہ عمارت میں ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کے لیے درکار انفراسٹرکچر اور مالی ضروریات کا تخمینہ بھی تیار کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خالی ہونے والی عمارت میں فال 2026 سیشن سے میانوالی میڈیکل کالج کی کلاسز شروع کرنے کے لیے جامع پلان بھی مرتب کیا جائے گا۔
ٹرانزیشن کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ 30 روز کے اندر اپنی سفارشات اور عملدرآمد رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔













