لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹر کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فلڈ پریپیئرڈنیس، ریسکیو کی استعداد کار اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں فلڈ پریپیئرڈنیس اور ریسپانس پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فلڈ ریسکیو آپریشن کے لیے تمام ضروری جدید سامان خرید لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے فلڈ ریسپانس کے لیے حاصل کیے گئے جدید ریسکیو آلات کا معائنہ بھی کیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو 1122 کو جدید ترین فلڈ ریسکیو وسائل فراہم کیے گئے ہیں، جن میں جیٹ اسکی، ایلومینیم ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس اور جدید کمیونیکیشن آلات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید وسائل، پیشگی منصوبہ بندی اور تربیت یافتہ اہلکاروں کی بدولت ریسکیو 1122 کی فلڈ ریسپانس صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو بروقت، مؤثر اور محفوظ امدادی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس متعلقہ اداروں کے ساتھ صوبہ بھر میں 100 سے زائد فلڈ موک ایکسرسائزز مکمل کر چکی ہے، جن کے نتیجے میں اداروں کے درمیان باہمی رابطہ، ریسپانس اور آپریشنل صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔











