گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) میں دشمنی اور ذاتی رنجش نے انسانیت کو شرما دیا، جہاں تھانہ واہنڈو کی حدود میں 9 سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کے مقدمے میں پولیس نے مقتول کے اپنے دادا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق سیج کالر گورنمنٹ اسکول کے قریب سے 9 سالہ شعیب کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی معائنے میں بچے کے جسم پر گہرے زخم پائے گئے، جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام بھاری نفری اور فرانزک ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گوجرانوالہ کے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دیں اور ہدایت کی کہ اس اندوہناک جرم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں؛فیصل آباد پولیس کے 4 ایس ایچ اوز کے لیے بڑا اعزاز، قائداعظم ایوارڈ کے لیے نامزد
ایس پی صدر کی نگرانی میں قائم خصوصی تفتیشی ٹیم نے جدید تفتیشی ذرائع، تکنیکی شواہد اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مقتول کے دادا عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے اپنے مخالفین کو جھوٹے قتل کے مقدمے میں پھنسانے کے مقصد سے اپنے ہی پوتے کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کو گمراہ کن رخ دینے کی بھی کوشش کی تاکہ شک مخالفین کی جانب جائے۔
پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کو میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








