محتسب پنجاب :(پنجاب پوسٹ)کے احکامات پر مختلف سرکاری محکموں کی ملکیت 300 کنال سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی، جس کی موجودہ مارکیٹ مالیت 20 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ ترجمان دفتر محتسب پنجاب کے مطابق مذکورہ اراضی پر طویل عرصے سے غیر قانونی قبضہ قائم تھا اور متعلقہ محکمے متعدد کوششوں کے باوجود قبضہ ختم کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ محتسب پنجاب کی مداخلت کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، اراضی کی نشاندہی اور حدبندی مکمل کی گئی اور بعد ازاں ناجائز قابضین سے زمین واگزار کروا لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا کو ورکنگ سپیس اور جاب سینٹر جہلم کے نوجوانوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا؟
محتسب پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واگزار کرائی گئی اراضی پر دوبارہ قبضے یا تجاوزات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اور قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری املاک محفوظ رہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی قانون کی عملداری، سرکاری اراضی کے تحفظ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے محتسب پنجاب کے مؤثر اور غیر جانبدار کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ شکایت کنندگان اور مقامی شہریوں نے بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے قانون کی بالادستی اور ریاستی املاک کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔








