جہلم: (پنجاب پوسٹ)وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت جہلم میں پہلی مرتبہ کو ورکنگ سپیس اور جاب سینٹر کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر ابتدائی کام کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ان کی ٹیم نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کو ورکنگ سپیس کا جدید عالمی ماڈل پہلی بار جہلم میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید سہولیات، پیشہ ورانہ ماحول اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کو ورکنگ سپیس صرف مشترکہ ورکنگ پلیٹ فارم نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا ایک مؤثر ابتدائی مرکز بھی ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں کو ملازمتوں سے متعلق رہنمائی، کیریئر کونسلنگ اور مختلف اداروں سے براہِ راست رابطے کی سہولت میسر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ، فوری خاتمے کا مطالبہ: حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہا کہ جاب سینٹر نوکری فراہم کرنے والے اداروں اور ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا کردار ادا کرے گا، جس سے روزگار کے مواقع تک رسائی آسان ہوگی۔بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ جہلم کے ایسے پروفیشنل نوجوان بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے جن کے پاس اپنے دفاتر، جدید آلات یا مناسب ورک اسپیس موجود نہیں۔ کو ورکنگ سپیس انہیں پیشہ ورانہ ماحول میں کام کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرے گی
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کو ورکنگ سپیس اور جاب سینٹر نوجوانوں کی فلاح، ہنر مندی اور معاشی خودمختاری کے فروغ میں ایک مثالی منصوبہ ثابت ہوگا اور جہلم میں روزگار کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔














