نارووال( پنجاب پوسٹ) نارووال میں ریسکیو 1122 کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی نے ایک ہنگامی صورتحال کو خوشی کے لمحے میں بدل دیا، جب ایک حاملہ خاتون نے ہسپتال پہنچنے سے قبل ایمبولینس کے اندر ہی ایک صحت مند بچی کو جنم دیا۔ ریسکیو اہلکاروں کی فوری طبی امداد اور مہارت کے باعث ماں اور نومولود دونوں محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 نارووال کو بوبک مرالی بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) سے ایک حاملہ خاتون کی منتقلی کے لیے ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور 32 سالہ سیدہ امتیاز کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال نارووال منتقل کرنے کے لیے روانہ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، آخر کتنےکلومنشیات برآمد؟
راستے میں جب ایمبولینس ڈی ایچ کیو ہسپتال کے قریب پہنچی تو خاتون کو شدید دردِ زہ شروع ہوگیا اور انہوں نے ایمبولینس کے اندر ہی ایک صحت مند بچی کو جنم دیا۔ اس نازک موقع پر ریسکیو 1122 کی فیمیل ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن رضوانہ ناصر نے پیشہ ورانہ مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محفوظ انداز میں زچگی کا عمل مکمل کرایا اور ماں اور نومولود کو فوری طبی نگہداشت فراہم کی۔
بعد ازاں ریسکیو ٹیم نے ماں اور نومولود کو بحفاظت ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں دونوں کی حالت تسلی بخش بتائی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق بروقت رسپانس اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی کے باعث ایک ممکنہ پیچیدہ صورتحال کو کامیابی سے سنبھالا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر اورنگزیب نے اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی کہ حاملہ خواتین کی متوقع تاریخِ ولادت سے قبل مناسب منصوبہ بندی کریں اور دردِ زہ کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا قریبی طبی مرکز سے رابطہ کریں تاکہ بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔














