لودھراں (پنجاب پوسٹ) باغبان گروپ اور ایگری ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے پانچواں سالانہ باغبان فیسٹیول 2026 اتوار 5 جولائی 2026 کو کول واٹر فارم اینڈ فیملی ریزورٹ، بستی براتی والا، ضلع لودھراں میں شاندار انداز سے منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے باغبانوں، کسانوں، نرسری مالکان، زرعی ماہرین، زرعی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور زرعی شعبے سے وابستہ سینکڑوں افراد نے شدید گرمی کے باوجود بھرپور شرکت کی۔
فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد ملک بھر کے باغبانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا، باہمی روابط مضبوط بنانا، تجربات کا تبادلہ، مشترکہ کاروباری مواقع پیدا کرنا، ویلیو ایڈیشن، فارم برانڈنگ، فارم ٹو ٹیبل، ای مارکیٹنگ، سیلز اینڈ مارکیٹنگ اور جدید زرعی کاروباری ماڈلز سے آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ باغبان مضبوط اور بااعتماد نیٹ ورک کی صورت میں ترقی کر سکیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر لودھراں فرخ خان بلوچ نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی اور باغبانوں اور کسانوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس منفرد اقدام کو سراہا۔ باغبان گروپ کے بانی اسلم میکن نے کہا کہ باغبان فیسٹیول ایک ایسی تحریک ہے جس کا مقصد علم، تجربات اور کاروباری مواقع کو ایک دوسرے تک منتقل کر کے پاکستان کی باغبانی کو عالمی معیار تک پہنچانا ہے۔
ایگری ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان کے بانی طارق تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس فیسٹیول کا مقصد ملک بھر کے باغبانوں کو سال میں کم از کم ایک بار ایک جگہ اکٹھا کرنا، ایک دوسرے سے سیکھنے، مشترکہ کاروبار، برانڈنگ، ویلیو ایڈیشن اور جدید مارکیٹنگ کے ذریعے فارم کی آمدنی بڑھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ ایسے اجتماعات کسانوں اور باغبانوں کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
فیسٹیول کے دوران پاکستان میں باغبانوں کا قومی دن بھی منایا گیا اور کسانوں، باغبانوں اور زرعی محنت کشوں کو ان کی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ کسان اور باغبان پاکستان کی معیشت کی اصل طاقت ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ قابلِ احترام رہیں گی۔
تقریب کے دوران مختلف زرعی موضوعات پر خصوصی سیشنز بھی منعقد ہوئے، جن میں بلال انور، ناصر وزیر انصاری، مخدوم محمد علی گیلانی، خواجہ مظہر اقبال، ساجد اقبال سندھو، میاں سعید اختر، عمر غزالی، مدثر حسین (اولیو سیکٹر)، ڈاکٹر حنظلہ احمد، آصف رشید، میاں اویس، زاہد بشیر انجم اور محمد اسماعیل سمیت متعدد زرعی ماہرین اور ممتاز باغبانوں نے اپنے تجربات اور خیالات شرکاء کے ساتھ شیئر کیے۔
فیسٹیول کے کامیاب انعقاد میں اسلم میکن، عتیق الرحمن، طارق تنویر، محمد طیب ابو فصیح قاضی، ملک طاہر حیات اور دیگر منتظمین نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ کول واٹر فارم اینڈ فیملی ریزورٹ کے سی ای او عتیق الرحمن نے بہترین انتظامات، معیاری کھانے، موسمی پھل، کولرز، پنکھوں اور مہمان نوازی کے ذریعے شرکاء کی بھرپور میزبانی کی۔
تقریب کی نظامت "ڈسکور پاکستان” کے پروگرام "کسان کا پاکستان” کے اینکر پرسن اور ایگری ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان کے سی ای او طارق تنویر نے انجام دی۔ پروگرام میں بہاولپور، فیصل آباد، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مظفر گڑھ، پتوکی، جلال پور پیر والا، آزاد کشمیر، ٹنڈو اللہ یار، راولپنڈی اور ملک کے دیگر اضلاع سے معروف باغبانوں، نرسری مالکان، زرعی کاروباری شخصیات اور سینکڑوں شرکاء نے شرکت کی، جس سے یہ تقریب پاکستان کے باغبانوں کا ایک تاریخی اجتماع بن گئی۔
اختتام پر منتظمین نے تمام مہمانوں، مقررین، باغبانوں، کسانوں، میڈیا نمائندگان، رضاکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 6th Annual Baghban Festival 2027 کو گزشتہ تمام فیسٹیولز سے زیادہ شاندار، منظم اور وسیع پیمانے پر منعقد کیا جائے گا تاکہ اسے پاکستان کے باغبانوں اور زرعی شعبے کا سب سے بڑا قومی اجتماع بنایا جا سکے۔













