ڈیرہ غازی خان:(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) نے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں امن و امان برقرار رکھنے اور سیاحوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنا دیے ہیں، جبکہ اہلکاروں کے خوش اخلاق اور عوام دوست رویے نے بھی سیاحوں، بالخصوص بچوں کے دل جیت لیے ہیں۔
کمانڈنٹ بی ایم پی امیر تیمور کی ہدایات پر ایس ایچ او بواٹہ اشفاق احمد لغاری نے اپنی ٹیم، جس میں حاجی انور خان بجرانی، منیر لغاری اور دیگر اہلکار شامل تھے، کے ہمراہ فورٹ منرو، ڈیمس جھیل اور تریموں سمیت مختلف سیاحتی مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
دورے کے دوران ایس ایچ او اشفاق احمد لغاری نے سیاحوں سے ملاقات کر کے سیکیورٹی صورتحال سے متعلق ان کی رائے بھی حاصل کی۔ سیاحوں نے امن و امان کی مثالی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس کے چاک و چوبند دستوں کی مسلسل موجودگی اور مؤثر گشت کی وجہ سے وہ خود کو مکمل محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛سیالکوٹ: سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے بھکاریوں کو کیسے پکڑا جارہا ہے؟
دوسری جانب فورٹ منرو میں تعینات بی ایم پی اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ مثالی اخلاق اور دوستانہ رویے کی بھی عمدہ مثال قائم کی۔ گشت کے دوران اہلکاروں نے مختلف تفریحی مقامات، بازاروں اور دکانوں پر موجود بچوں سے مصافحہ کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اہلکاروں نے بچوں اور ان کے والدین سے ممکنہ مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا تاکہ فوری طور پر ان کا ازالہ کیا جا سکے۔
فورٹ منرو آنے والے ننھے سیاحوں نے بی ایم پی اہلکاروں کے رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں کی موجودگی اور شفقت بھرے انداز نے انہیں اپنے گھروں سے دور ہونے کے باوجود تحفظ اور اطمینان کا احساس دلایا۔
سیاحوں، ان کے اہل خانہ اور مقامی تاجروں نے بارڈر ملٹری پولیس کی کمیونٹی پولیسنگ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورس کا دوستانہ اور ہمدردانہ رویہ نہ صرف امن و امان کو مضبوط بناتا ہے بلکہ فورٹ منرو میں سیاحت کے فروغ اور عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتا ہے۔










