کیا پنجاب کے دیہات بدلنے جا رہے ہیں ؟ مریم نواز کا بڑا اعلان

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) ورلڈ رورل ڈیولپمنٹ ڈے کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی آبادی کو ملکی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب کی پائیدار ترقی کا سفر دیہات کی خوشحالی سے ہی ممکن ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کسانوں، مزدوروں اور دیہی برادریوں کی خدمات کو کسان پیش کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، غذائی تحفظ اور قومی معیشت میں دیہی علاقوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کو صرف بنیادی سہولیات فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، صحت، ہنر، صاف پانی، جدید زراعت اور پائیدار روزگار کے مواقع دے کر انہیں حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق دیہی معیشت کو مضبوط بنائے بغیر ترقی یافتہ پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ "ستھرا پنجاب پروگرام” پہلی بار شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی مکمل طور پر فعال کیا گیا ہے، جبکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بسوں کی سہولت دیہی علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہے تاکہ دیہات کے عوام کو بھی جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگار دیہی افراد کے لیے "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم شروع کی گئی ہے، جبکہ 2,400 سے زائد دیہات کو بنیادی شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے "مثالی گاؤں پراجیکٹ” پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس، پارکس، بچوں کے کھیلنے کی جگہیں اور دیگر عوامی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ "لوکل روڈز پروگرام” کے تحت 1,500 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے 3,300 کلومیٹر سے زیادہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت جاری ہے، جبکہ "سوہنے پنڈ پنجاب دے” پروگرام کے تحت دیہات میں پختہ گلیاں، سڑکوں کی بحالی، چلڈرن پارکس کے قیام اور شجرکاری جیسے منصوبوں پر بھی تیزی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت دیہی علاقوں کو جدید سہولیات، بہتر انفراسٹرکچر اور معاشی مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ دیہات نہ صرف خود خوشحال ہوں بلکہ ملکی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے