خانیوال (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب کے وژن کے تحت ڈسٹرکٹ جیل خانیوال میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے مفت الیکٹرک وہیکل سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ جیل خانیوال میں پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی جدید الیکٹرک وہیکل کے ذریعے ملاقاتیوں کو جیل کے مرکزی دروازے سے ملاقات کے مقام تک مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ سروس روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک دستیاب رہے گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خانیوال روہت کمار اور جیل سپرنٹنڈنٹ محمد اسامہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل سروس کے آغاز سے بزرگ شہریوں، خواتین اور دور دراز علاقوں سے آنے والے ملاقاتیوں کو خصوصی سہولت میسر آئے گی، جس سے انہیں جیل کے اندر جیل سپرنٹنڈنٹ محمد اسامہ میں پیش آنے والی مشکلات سے نجات ملے گی۔
جیل حکام کے مطابق پنجاب حکومت عوام دوست اقدامات کے ذریعے شہریوں کو باوقار اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ اس نئی سروس سے روزانہ بڑی تعداد میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد مستفید ہوں گے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ محمد اسامہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ملاقاتیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مفت الیکٹرک وہیکل سروس فراہم کی ہے، جس سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور سہل سفری سہولت میسر آئے گی۔













