لاہور( پنجاب پوسٹ ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی (ڈی ای اے) لاہور نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس حوالے سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام نجی سکولوں کو اپنی عمارتوں کا بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈیپارٹمنٹ سے حاصل کرنا ہوگا۔ ڈی ای اے کا کہنا ہے کہ طلبہ، تدریسی و غیر تدریسی عملے اور سکول انفراسٹرکچر کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام تعلیمی ادارے مقررہ ضوابط پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں:کیا پرائیویٹ سکولوں کی موجیں ختم، کن اداروں پر 40 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا؟
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی ای اے لاہور نے واضح کیا ہے کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والے نجی سکولوں کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے تمام نجی سکولوں پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
ڈی ای اے لاہور نے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز کو بھی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ یہ احکامات تمام نجی سکولوں تک پہنچائے جائیں، جبکہ ضلعی ایجوکیشن افسران کو بھی حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔









