لاہور(پنجاب پوسٹ) منشیات فروش پنکی کوئین کے شوہر,سابق پولیس انسپکٹر رانا اکرم کے خلاف مبینہ چوری کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ اداکارہ یاسین تبسم عرف نگار چوہدری کی مدعیت میں تھانہ نواب ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے، جس میں کروڑوں روپے مالیت کے سامان کی چوری کا الزام عائد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق رانا اکرم مبینہ طور پر 15 سے 16 نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ گھر میں داخل ہوئے، جہاں ملزمان نے اہلِ خانہ کو یرغمال بنایا، تالے توڑے اور گھر سے قیمتی سامان لے گئے۔
مزید پڑھیں؛ ایف آئی اے لاہور کی بڑی کامیابی، ویزا فراڈ میں ملوث ملزم کو 2 سال قید بامشقت
مقدمے کے مطابق ملزمان ساڑھے 55 تولے سونا، لاکھوں روپے نقدی، غیر ملکی کرنسی، آئی فونز، مہنگی گھڑیاں، پاسپورٹس اور دیگر قیمتی اشیا چوری کر کے فرار ہو گئے۔ ایف آئی آر میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واردات کے دوران گھر کا دیگر قیمتی سامان بھی ساتھ لے جایا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ دو سال قبل دی گئی درخواست کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے، جبکہ سابق پولیس انسپکٹر رانا اکرم کو مقدمے میں باقاعدہ نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ مقدمے میں درج الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔









