فیصل آباد؛گھریلو ناچاقی پر شوہر نے کلہاڑی کے وار سےبیوی کا پاؤں کاٹ دیا

فیصل آباد(پنجاب پوسٹ)جڑانوالہ کے نواحی علاقے چک نمبر 210 رب لکھوآنہ میں گھریلو تنازع پر ایک خاتون کو مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار سے شدید زخمی کرنے کے الزام میں شوہر، اور دیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ خاتون کے بھائی خالد حسین کی مدعیت میں تھانہ کھر ڑیانوالہ میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مدعی کی بہن ٹیم بی بی کی شادی اعظم علی سے ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو اختلافات چل رہے تھے۔

درخواست کے مطابق 10 جون 2026 کو اعظم علی اپنی اہلیہ کو منانے کے بعد واپس گھر لے گیا، جبکہ 12 جون کی صبح مدعی مسجد جاتے ہوئے بہنوئی کے گھر کے قریب پہنچا تو اندر سے لڑائی جھگڑے کی آوازیں سن کر گھر میں داخل ہوا۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے دیکھا کہ اعظم علی کے ہاتھ میں کلہاڑی تھی جبکہ اس کے والد انور علی اور بھائی خادم حسین بھی موجود تھے۔ الزام ہے کہ تینوں نے خاتون پر تشدد کیا، جس کے بعد اعظم علی نے مبینہ طور پر کلہاڑی کا وار کیا جو خاتون کے دائیں پاؤں پر لگا، جس سے اس کا پاؤں شدید زخمی ہو گیا۔

مدعی کے مطابق شور سن کر اہلِ محلہ موقع پر جمع ہو گئے، جبکہ اطلاع ملنے پر ملزمان فرار ہو گئے۔ زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا، جہاں اس کا میڈیکو لیگل معائنہ بھی کیا گیا۔

ایف آئی آر میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس سے قبل پنچایت کے ذریعے شوہر سے تحریری یقین دہانی لی گئی تھی کہ وہ آئندہ تشدد نہیں کرے گا، تاہم مبینہ طور پر اسی تحریر کو واپس لینے کے لیے خاتون پر حملہ کیا گیا۔ مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے کی ویڈیو بھی بطور ثبوت موجود ہے۔

پولیس نے میڈیکو لیگل رپورٹ اور درخواست کی روشنی میں متعلقہ دفعات کے تحت شوہر، سسر اور دیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے