لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ازبکستان کی خود مختار ریاست قراقلی پاقستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں تجارت، زراعت، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور صنعتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو پنجاب کی طرز پر قراقلی پاقستان کے خصوصی اقتصادی زون میں شمولیت کی دعوت دی، جبکہ ازبکستان اور قراقلی پاقستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے وزیراعلیٰ نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔
دونوں فریقین نے سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ، تجارت، زراعت، لائیوسٹاک اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر لاہور اور نوکوس کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے اور لاہور میں ازبکستان کی جانب سے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم بنائے گا، لیکن کیسے؟
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور قراقلی پاقستان کے درمیان باہمی تجارتی حجم بڑھانے کے امکانات روشن ہیں، جبکہ قراقلی پاقستان میں آلو کی کاشت کے لیے 100 سے 200 ہیکٹر زمین فراہم کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب سے قراقلی پاقستان اور ازبکستان کی سالانہ 30 ہزار مویشیوں کی طلب پوری کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی راہداری اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
















