ریاض:(پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (SACF) کے درمیان جدہ میں بین الاقوامی معیار کے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے تاریخی اسٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا۔
یہ معاہدہ ریاض میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ جدہ میں جدید سہولیات سے آراستہ،آئی سی سی معیار کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرے گا۔
معاہدے کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، تکنیکی مہارت کے تبادلے، اسٹیڈیم کی منصوبہ بندی اور آپریشنل معیار کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
مزید پڑھیں؛پنجاب کا کبڈی چیمپئن کون بنا؟
حکام کے مطابق یہ منصوبہ سعودی عرب کو مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچوں اور بڑے کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ منصوبہ سعودی ویژن 2030 کے تحت کھیلوں میں سرمایہ کاری، اسپورٹس ٹورازم، عوامی شمولیت اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے اہداف کی بھی حمایت کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے یہ معاہدہ ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ادارے مل کر ایسی مضبوط شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو خطے میں کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے مستقبل کو مزید مستحکم بنائے گی








