لاہور ( پنجاب پوست ) لاہور پولیس نے شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اور وسیع پیمانے پر اقدامات جاری رکھے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سال 2023 سے اب تک شہداء پیکج کے تحت متعدد خاندانوں کو مختلف مدوں میں مالی اور رہائشی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اب تک 14 شہداء خاندانوں کو 18 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے مکانات فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ انہی خاندانوں کو مالی مراعات کی مد میں 7 کروڑ 20 لاکھ روپے بھی ادا کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہالینڈ سے 15 پر کال ، پنجاب پولیس نے 2 گھنٹوں میں غیر ملکی خواتین کو کیسے تلاش کیا ؟
اس کے علاوہ پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے اسکالرشپ کی مد میں 187 خاندانوں کو 4 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ جہیز فنڈ کے تحت 31 خاندانوں کو 1 کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ گزارہ الاؤنس کی مد میں 17 خاندانوں کو 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد رقم دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق گروپ انشورنس کے تحت بھی شہداء کے اہل خانہ کو معاونت فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت 15 خاندانوں کو 29 لاکھ 41 ہزار روپے سے زائد ادائیگی کی جا چکی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی ویلفیئر پولیس کا اولین ایجنڈا ہے اور محکمہ ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کے مطابق شہداء کے بچوں کو معیاری تعلیم، بہتر رہائش اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن سطح پر ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات جاری رہیں گے۔









