لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب سٹیڈیم میں کھیلی گئی سی ایم پنجاب انٹر ڈویژن کبڈی چیمپئن شپ کے سنسنی خیز فائنل میں فیصل آباد ڈویژن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساہیوال ڈویژن کو 49-37 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم فیصل آباد کے کھلاڑی آغاز سے ہی حاوی رہے اور آخر تک اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے چیمپئن بن گئے۔
تیسری پوزیشن کے مقابلے میں لاہور ڈویژن نے گوجرانوالہ کو 52-35 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ چیمپئن شپ میں پنجاب کے 9 ڈویژنز سے 162 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ پنجاب سٹیڈیم میں شائقینِ کبڈی کی بڑی تعداد موجود رہی۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور تماشائیوں کا جوش و خروش فائنل کی رونق کو دوبالا کرتا رہا۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ کپ مہم کے بعد ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب اسمبلی چودھری افتخار حسین چھچڑ تھے، جبکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کامیاب ٹیموں میں مجموعی طور پر 5 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ فاتح فیصل آباد ڈویژن کو 2 لاکھ روپے، رنر اپ ساہیوال کو ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی لاہور ڈویژن کو ایک لاکھ روپے دیے گئے۔
انفرادی اعزازات میں فیصل آباد کے شہزاد کو بیسٹ ریڈر جبکہ یحییٰ ڈوگر اور عدنان کو بہترین جاپھی کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری افتخار حسین چھچڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "جب میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے”، کیونکہ کھیل نوجوانوں کو منشیات اور دیگر برائیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے چیمپئن شپ کے بہترین انعقاد کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے ایونٹس صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔









