لاہور( پنجاب پوسٹ ) پنجاب حکومت نے ملازمت پیشہ خواتین کو محفوظ اور بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ورکنگ ویمن ہاسٹلز کے منصوبے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے کے 13 اضلاع میں 17 ورکنگ ویمن ہاسٹلز فعال ہیں، جبکہ کئی نئے ہاسٹلز کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور کے مطابق گوجرانوالہ، وہاڑی، مظفرگڑھ اور رحیم یار خان میں نئے ورکنگ ویمن ہاسٹلز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جبکہ گوجرانوالہ ہاسٹل کی تعمیرِ نو 2027ء تک مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہاڑی ہاسٹل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور عمارت کی حوالگی کا عمل جاری ہے.
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ کپ مہم کے بعد ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صوبے بھر کے ورکنگ ویمن ہاسٹلز میں 521 خواتین رہائش پذیر ہیں، جبکہ ان کی مجموعی گنجائش 644 افراد ہے۔ خواتین کے تحفظ اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہاسٹلز میں سی سی ٹی وی کیمرے، انٹرنیٹ اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
سعدیہ تیمور کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ملازمت پیشہ خواتین کے لیے محفوظ، باوقار اور معیاری رہائش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں مزید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔








