‘میرا پیارا’ منصوبے کی کامیابی، 182 گمشدہ افراد اپنے گھروں کو لوٹ گئے

لاہور: (پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی نے جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل کاوشوں کے ذریعے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے برسوں سے اپنے اہلِ خانہ سے بچھڑے 182 گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے خاندانوں سے ملا دیا۔ت

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق سیف سٹی کی "میرا پیارا” ٹیم نے کراچی میں قائم ایدھی ہومز کا خصوصی دورہ کیا، جہاں 800 سے زائد گمشدہ، لاوارث اور خصوصی افراد کا مکمل ریکارڈ اکٹھا کیا گیا۔ ٹیم نے ہر فرد کے انٹرویوز کیے، تصاویر حاصل کیں اور بائیومیٹرک معلومات جمع کرکے انہیں "میرا پیارا” سسٹم میں محفوظ کیا۔


ترجمان کے مطابق شناخت کے عمل میں بائیومیٹرک ویریفیکیشن، فیشل ریکگنیشن، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور مینوئل ٹریسنگ جیسے جدید طریقہ کار استعمال کیے گئے، جس کی بدولت صرف تین ہفتوں کی مسلسل محنت کے بعد 182 افراد کے اہلِ خانہ کا سراغ لگایا گیا۔سیف سٹی حکام کے مطابق تمام قانونی تقاضے اور شناختی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ برسوں بعد اپنے پیاروں سے ملنے والے افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں خوشی کے آنسو، دعائیں اور جذباتی لمحات ہر آنکھ کو نم کر گئے۔ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ "میرا پیارا” منصوبہ گمشدہ، لاوارث بچوں اور خصوصی افراد کو ان کے خاندانوں سے ملانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک مؤثر نظام ہے۔ اس منصوبے کے تحت اب تک 77 ہزار سے زائد گمشدہ، لاوارث بچوں اور خصوصی افراد کو ان کے اہلِ خانہ سے کامیابی کے ساتھ ملایا جا چکا ہے۔


سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی گمشدہ، لاوارث بچے یا خصوصی فرد کے بارے میں معلومات ہوں تو فوری طور پر پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 دبائیں یا 0309-0000015 پر رابطہ کریں تاکہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد ان کے اہلِ خانہ تک پہنچایا جا سکے۔ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیف سٹی کی "میرا پیارا” ٹیم جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے خاندانوں سے ملانے کے لیے چوبیس گھنٹے متحرک ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے