"اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری، ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد گھر مکمل

لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ گھروں کی تعمیر کے لیے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد فراہم کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اب تک ایک لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور ہزاروں خاندان اپنے نئے گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ 28 ہزار 453 گھر زیر تعمیر ہیں اور مزید 32 ہزار 48 گھروں کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پروگرام کے تحت جاری کیے گئے قرضوں میں سے 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی بھی کی جا چکی ہے۔ اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں موصول ہوئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ "اپنی چھت اپنا گھر” پاکستان کے کم لاگت ہاؤسنگ فنانس کے بڑے پروگراموں میں شامل ہو چکا ہے اور کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہاؤسنگ فنانس کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 91 ہزار 434 مرد، 14 ہزار 7 خواتین اور 23 خواجہ سرا اس پروگرام کے تحت اپنے گھر تعمیر کر چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 جبکہ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق پروگرام کے ذریعے دیہی اور شہری علاقوں کے کم آمدنی والے خاندانوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور منصوبے کا دائرہ صوبے کے ہر خطے تک بڑھایا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے