آن لائن ایپ کے ذریعے شہری کو جھانسہ دے کر ملاقات کے لیے بلایا،خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا اور شہری کو لوٹ لیا، پولیس نے جعلی پولیس اہلکاروں کا گینگ کیسے پکڑا؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں آن لائن ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی تاحال فرار ہے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر آن لائن ایپ کے ذریعے ایک شہری کو ملاقات کے بہانے بلایا اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے اسے اغوا کرنے کے بعد رقم بٹور لی۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ لاہور کے علاقے گلشن اقبال میں پیش آیا، جہاں متاثرہ شہری نے اغوا اور رقم زبردستی منتقل کروانے پر پولیس ایمرجنسی 15 پر کال کی۔ شہری نے بتایا کہ ملزمان نے ایک آن لائن ایپ کے ذریعے اسے اپنے جال میں پھنسایا اور ملاقات کے لیے ایک مخصوص مقام پر بلایا۔

موقع پر پہنچنے کے بعد ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا اور شہری کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔ ملزمان نے شہری کو خوفزدہ کرکے اس سے 31 ہزار روپے سے زائد رقم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کروائی۔ اس کے علاوہ متاثرہ شہری کے بھائی سے بھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منگوائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور: سب انسپکٹر نے دوست کو راضی کرنےکیلئےشہری کو جھوٹے مقدمےمیں پھنسا دیا

رقم ہتھیانے کے بعد ملزمان شہری کو ملتان روڈ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے، جس کے بعد متاثرہ شہری نے پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر گلشن اقبال پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سمیت فیس ٹریسنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان حذیفہ عبداللہ اور حسن کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق اس واردات میں ملوث تیسرا ملزم احمد تاحال مفرور ہے، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ پولیس کی وردی اور شناخت کا غلط استعمال کرکے شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ آن لائن ایپس کے ذریعے اجنبی افراد سے ملاقات کرتے ہوئے احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی 15 پر اطلاع دیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ آن لائن ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر نہ صرف جعلی شناخت استعمال کر رہے ہیں بلکہ پولیس اہلکار بن کر بھی لوگوں کو خوفزدہ کرکے لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے