پی سی بی کے بڑے فیصلے، ڈومیسٹک کرکٹ، پی ایس ایل اور انفراسٹرکچر کے لیے اربوں روپے کی منظوری

لاہور: (پنجاب پوسٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 84واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ کی ترقی، ڈومیسٹک نظام کی بہتری، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 12 کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی جبکہ پی ایس ایل کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خودمختار بنانے کی منظوری دی گئی تاکہ لیگ کو مزید مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جا سکے۔

بورڈ آف گورنرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے اضافے کی منظوری دیتے ہوئے اسے 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی جبکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بورڈ نے خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے وویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس مقصد کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس کے علاوہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے اور مزید 12 گراؤنڈز کو آپریشنل بنانے کے لیے ہیومن ریسورس اور دیگر ضروری فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔


اجلاس میں نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جدید بائیو مکینکس مشین نصب کرنے کے لیے بھی فنڈز منظور کیے گئے۔اجلاس کے دوران گزشتہ بورڈ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ، مالی اہداف اور اخراجات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد اور عدنان ملک نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور پی سی بی کے دیگر سینئر حکام اور ڈائریکٹرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے