ساہیوال (پنجاب پوسٹ) ٹیچنگ ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ماہین احسان کے گھر میں گھریلو ملازمہ کی مبینہ واردات سامنے آگئی، جہاں ملازمہ دو کمسن بچوں کو کمرے میں بند کر کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی۔
پولیس کے مطابق لیڈی ڈاکٹر ماہین احسان ڈیوٹی پر جاتے وقت اپنے دونوں کمسن بچوں کو گھریلو ملازمہ سعدیہ کے حوالے کر کے گئی تھیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملازمہ نے بچوں کو گھر کی بالائی منزل کے ایک کمرے میں بند کر دیا اور گھر سے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی۔
مدعیہ کے مطابق جب وہ ڈیوٹی سے واپس گھر پہنچیں تو گیراج کھولتے ہی بچوں کی چیخ و پکار سنائی دی۔ اوپر جا کر کمرے کا بند دروازہ کھولا گیا تو دونوں بچے بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے۔
بچوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہین احسان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمہ سعدیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔














