لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئیں، جہاں سرکاری گاڑی سمیت بھاری جرمانوں کی حامل تین گاڑیوں کو مختلف مقامات پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک انسپکٹر ظہیر نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسی گاڑی کو روکا جس پر ایک لاکھ 34 ہزار روپے کے ای چالان واجب الادا تھے۔
دوسری جانب مال روڈ پر ٹریفک انسپکٹر اعظم نے ایک سرکاری گاڑی کو پکڑا جس پر ایک لاکھ ایک ہزار روپے کے ای چالان بقایا تھےاسی طرح پٹرولنگ آفیسر عالم بٹ نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 34 ہزار روپے کے ای چالان نادہندہ گاڑی کو تحویل میں لیا۔
ترجمان کے مطابق تینوں گاڑی مالکان نے گاڑی بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر فوری طور پر جرمانے جمع کرا دیے۔لاہور ٹریفک پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان نادہندگان کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے خصوصی 16 ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی کی خرید و فروخت کے وقت ای چالان کی مکمل جانچ ضرور کریں اور جرمانوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔سی ٹی او لاہور نے کامیاب کارروائیوں پر انسپکٹر ظہیر، انسپکٹر اعظم اور پٹرولنگ آفیسر عالم بٹ کو شاباش بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری













