(پنجاب پوسٹ) لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے خواتین کو ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم حافظ علی احمد کو گرفتار کر لیا۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق ملزم سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔این
ترجمان نے بتایا کہ ملزم آن لائن استخارہ اور تعویذ دھاگے دینے کے بہانے خواتین کو اپنے جال میں پھنساتا اور بعد ازاں ان کی ذاتی معلومات حاصل کر لیتا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم خاص طور پر گھریلو مسائل اور جذباتی کمزوریوں کا شکار خواتین کو ٹارگٹ کرتا رہا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم دھوکہ دہی سے متاثرہ خواتین کی نازیبا تصاویر اور قابلِ اعتراض ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا اور بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔ اس حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: قصور میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، ایک شخص زخمی، ملزمان فرار
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر ملزم کا موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے کر فرانزک تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ اس گھناؤنے نیٹ ورک میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔








