پنجاب کا 5903 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں اضافہ، تعلیم و صحت کو ترجیح

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے 5903 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ پیش کر دیا ہے، جس میں ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی نظم و ضبط پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
بجٹ کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد جبکہ پنشن میں 3.5 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے صوبائی خزانے پر 500 ارب 12 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
حکومت نے تعلیم کے شعبے کے لیے 750 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے، جو مجموعی بجٹ کا 15 فیصد سے زائد بنتا ہے۔ بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس کی تقسیم اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام کو جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
صحت کے شعبے کے لیے 500 ارب سے زائد فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جو مجموعی بجٹ کا 10 فیصد سے زیادہ حصہ بنتا ہے۔ حکومت کے مطابق ان فنڈز سے صحت کی سہولیات اور طبی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے لیے 1240 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، جبکہ نوجوانوں کی ترقی اور سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) بڑھانے کے لیے خصوصی پیکیج بھی متعارف کرایا گیا ہے۔


پی ایف سی ایوارڈ کے تحت بلدیاتی اداروں کو 803 ارب روپے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سروس ڈلیوری اخراجات کے لیے 783 ارب روپے جبکہ سرکاری اداروں کے روزمرہ اخراجات کے لیے 578 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران صوبائی آمدن کا ہدف 1209 ارب 86 کروڑ روپے مقرر کیا ہے، جبکہ وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب کو 4390 ارب روپے منتقل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
بجٹ میں آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ مالیاتی فریم ورک کے تحت 910 ارب روپے کا سرپلس بھی شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے رائٹ سائزنگ، اخراجات میں کمی، ای گورننس، ڈیجیٹلائزیشن اور ریونیو بڑھانے کے اقدامات کو بھی بجٹ کا اہم حصہ قرار دیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کفایت شعاری، ترقیاتی ترجیحات، مالی استحکام اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

ایک تبصرہ برائے “پنجاب کا 5903 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں اضافہ، تعلیم و صحت کو ترجیح”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے