وزیراعلیٰ پنجاب کے لوکل روڈ پروگرام میں نمایاں پیش رفت، 772 شاہراہیں مکمل

لاہور: (پنجا ب پوسٹ )وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت جاری لوکل روڈ پروگرام تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ منصوبے کے آغاز کے صرف دو ماہ کے اندر صوبے بھر میں 772 شاہراہوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 1530 شاہراہیں اس میگا پروگرام کا حصہ ہیں۔ حکومت پنجاب نے دیہی اور شہری علاقوں میں سفری سہولیات بہتر بنانے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوام کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا تھا۔

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، متعلقہ افسران، سپرنٹنڈنگ انجینئرز (SEs) اور ایگزیکٹو انجینئرز (XENs) نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور تکمیل کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ تعمیراتی کام طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور 17 جون تک مزید 182 شاہراہوں کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام فیلڈ فارمیشنز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے منصوبوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ افسران اور انجینئرنگ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شاہراہوں کی تعمیر اور بحالی کا کام ریکارڈ برق رفتاری سے جاری ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے لوکل روڈ پروگرام کے تحت تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر سڑکوں سے نہ صرف عوام کی سفری مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ زرعی پیداوار کی منڈیوں تک رسائی، تجارتی سرگرمیوں اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے