لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن، صوبائی وزیر کے قریبی رشتہ داروں کی گرفتاری پر ہنگامہ

لاہور:( پنجاب پسٹ )کے نواحی علاقے باٹا پور کے بھسین گاؤں میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (پی سی این ایف) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر منشیات فروشوں کے خلاف ایک اہم کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ایک ایسے گھر پر چھاپہ مارا گیا جسے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کے ماموں کی رہائش گاہ قرار دیا جا رہا ہے۔ چھاپے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور گھر کے مکینوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔ذرائع کے مطابق کارروائی کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ موقع پر پہنچ گئے۔ اس دوران پی سی این ایف اہلکاروں اور وزیر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جبکہ بعض ویڈیوز میں ہاتھاپائی اور دھکم پیل جیسے مناظر بھی دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو کلپس میں صوبائی وزیر کو اہلکاروں سے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’’یہ ہماری بہن کا گھر ہے، پیچھے ہٹیں‘‘، جس کے بعد صورتحال کچھ دیر کے لیے کشیدہ ہوگئی۔

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران گھر کی تلاشی سے بھاری مقدار میں منشیات، جدید ڈرونز اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے شواہد کی فرانزک جانچ بھی کرائی جائے گی تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔آپریشن کے دوران وقار بٹ اور شعیب بٹ نامی دو افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے خلاف انسداد منشیات قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ماموں زاد بھائی ہیں، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

واقعے کی ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد سیاسی اور عوامی حلقوں میں مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایک طرف منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو سراہا جا رہا ہے تو دوسری جانب ایک صوبائی وزیر کی کارروائی کے دوران موجودگی اور اہلکاروں سے مبینہ تلخ کلامی بھی بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میرٹ پر جاری رہیں گی اور اگر کسی بڑے نیٹ ورک کے شواہد ملے تو مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے