اوکاڑہ ضلع کونسل میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن، 12 افسران اور 50 ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش

اوکاڑہ (پنجاب پوسٹ) ضلع کونسل اوکاڑہ میں کروڑوں روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد 12 سرکاری افسران اور 50 ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر فرخ عتیق کی جانب سے تقریباً ایک ارب روپے مالیت کے معاملات کا ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھجوایا گیا تھا، جس کے بعد کی جانے والی تحقیقات میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔
اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق ضلع کونسل اوکاڑہ میں مالی سال 2023-24 کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کی گئیں جبکہ 37 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مبینہ بوگس بلوں کی ادائیگیاں بھی سامنے آئیں۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں میں ضلع کونسل کے دو سابق چیف آفیسرز سمیت 12 سرکاری افسران اور 50 ٹھیکیدار شامل ہیں۔ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران متعدد منصوبوں میں فنڈز کے غیر قانونی استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق کلین اینڈ گرین پنجاب سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرکاری فنڈز کا غیر قانونی استعمال کیا گیا جبکہ بعض ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ بھی دستیاب نہیں ہے۔
انویسٹی گیشن آفیسر اینٹی کرپشن نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی سفارش حکام کو ارسال کر دی ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور مزید انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مبینہ کرپشن اسکینڈل سابق حکومت کے دور میں شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہے، تاہم اینٹی کرپشن کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے