لاہور (پنجاب پوسٹ) انمول عرف پنکی منشیات کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پنکی کے مبینہ موبائل نیٹ ورک سے منسلک دو خواتین منشیات فروشوں ماریہ اور رمشاء کو عدالت میں جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کر دیا۔
ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ فہد خان سرور کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں خواتین کو لاہور سے حراست میں لیا گیا ہے اور یہ مبینہ طور پر منشیات نیٹ ورک کا حصہ ہیں، لہٰذا مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق دونوں خواتین کو انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کا پنجاب سے کیا تعلق ہے ؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
تاہم عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے منشیات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نامزد دونوں بہنوں رمشاء اور ماریہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی تھی، جس کے بعد اے این ایف نے انہیں گرفتار کیا تھا۔










