لاہور ( پنجاب پوسٹ)پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب میں ممکنہ پانی کے اضافے کے پیش نظر سیلابی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ آبپاشی کے مراسلے کی روشنی میں متعلقہ اضلاع اور اداروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس 21 مئی صبح 9 بجے سے 30 مئی تک کھولے جائیں گے، جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مرالہ بیراج پر اچانک پانی کی آمد کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے متعلقہ اضلاع میں کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رکھنے اور 1122 ریسکیو 1122 کو ہنگامی صورتحال کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکمے مکمل تیار رہیں۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بھاری مشینری اور اضافی عملہ تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی بندوں کا فوری معائنہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریائی کناروں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔















