رحیم یار خان( پنجاب پوسٹ)رحیم یار خان: صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کمشنر آفس رحیم یار خان میں امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور حکومت پائیدار امن کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کچے کے علاقوں کیلئے 22 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکج قیامِ امن کیلئے ایک بہترین کاوش ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیکج کے تحت کچے کے علاقوں میں کالجز، سکول، ہسپتال اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات میسر آ سکیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں میں تاریخ میں پہلی بار مؤثر انداز میں امن قائم ہوا ہے اور حکومت پنجاب صوبے میں دیرپا امن کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
















