گجرات( پنجاب پوسٹ)فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی لاہور زون نے لاہور اور گجرات میں مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں محمد بلال اور لیاقت محمد عباس شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد بلال کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، جس نے ایک شہری کو بیرون ملک ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ 93 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔
دوسری کارروائی میں ملزم لیاقت محمد عباس کو گجرات سے گرفتار کیا گیا، جو کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے قبضے سے مختلف معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کی بھاری تعداد میں جعلی مصنوعات برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم جعلی مصنوعات تیار کرنے، ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث تھا۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے















