لاہور(پنجاب پوسٹ)فاطمہ ثناء آئرلینڈ میں شیڈول 3 ملکی سیریز اور آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گی۔ یہ دورہ ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں کلیدی حیثیت کا حامل ہوگا۔3 ملکی سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن کے میدانوں میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔
اس ٹورنامنٹ سے گرین شرٹس کو اپنی کمزوریوں پر قابو پانے اور توازن بہتر بنانے کا بہترین موقع ملے گا۔قومی ٹیم کا حالیہ فارم کافی متاثر کن ہے اور انہوں نے کراچی میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا۔ اس کامیابی سے کھلاڑیوں کا اعتماد بلند ہے اور ٹیم مینجمنٹ کو ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
ورلڈ کپ اسکواڈ میں ایمان فاطمہ، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سائرہ جبین اور تسمیہ رباب پہلی مرتبہ بڑے ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔ فاطمہ ثناء کے ہمراہ عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔ یہ پریکٹس میچز کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد فراہم کریں گے تاکہ وہ ایونٹ میں بھرپور فارم کے ساتھ میدان میں اتر سکیں۔
ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 جون کو برمنگھم میں ہونے والے اہم میچ سے ہوگا۔
اس کے بعد ٹیم 17 جون کو جنوبی افریقا، 20 جون کو بنگلا دیش اور 23 جون کو آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی۔گروپ مرحلے کا آخری میچ 27 جون کو نیدرلینڈز سے کھیلا جائے گا۔
ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور امِ ہانی کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹیم کو متوازن رکھا جا سکے۔















