لاہور ( پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی 10 روز کے دوران ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق اس عرصے میں 68 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے جبکہ اتنی ہی تعداد میں شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ مزید برآں 57 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیورز لائسنس کی تجدید کروائی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 450 سے زائد شہریوں کو گم شدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے جبکہ 850 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ فراہم کیے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ 37 ہزار سے زائد شہری آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے بھی مستفید ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈرگ فری پنجاب ، پانچ ماہ میں صوبے سے کتنے منشیات فروش گرفتار کئے گئے؟: پنجاب میں 10 روز کے دوران ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری، شہری اتنی بڑی تعداد میں لائسنس کیوں بنوا رہے ہیں ؟
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور صوبہ بھر میں ایسے ڈرائیورز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ اور لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی تعداد بڑھنے سے ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے جبکہ ٹریفک پولیس شہریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی افادیت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے فوری بعد ای ڈرائیونگ لائسنس بھی ڈاؤن لوڈ کریں، کیونکہ ای لائسنس کی قانونی حیثیت کارڈ والے لائسنس کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے استفادہ کریں۔










