لاہور( پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن (مدرز ڈے) کے موقع پر اپنے پیغام میں ماؤں کی عظمت، محبت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائیں خاندان کی بنیاد اور معاشرے کا مضبوط ستون ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :معرکہ حق صرف 2 ممالک کی جنگ نہ تھی بلکہ یہ 2 نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا: فیلڈ مارشل عاصم منیر: ماؤں کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خراجِ تحسین، شہداء و غازیوں کی ماؤں کو سلام
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’’سراپا شفقت و عنایت ماؤں کی عظمت کو سلام‘‘ اور مدرز ڈے اُن پرعزم اور حوصلہ مند ماؤں کے نام ہے جنہوں نے اپنے بیٹوں کو محاذِ جنگ پر بھیجا۔ انہوں نے ہر شہید اور غازی کی عظیم ماں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مریم نواز نے محنت مزدوری کر کے بچوں کی کفالت کرنے والی اور خود بھوکا رہ کر بچوں کو کھلانے والی ماؤں کی قربانیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ زندگی کی سختیوں میں ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند راحت و سکون کا باعث ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ماں کی محبت کو بلند مرتبہ عطا کیا ہے اور ماں سچے جذبے اور بے لوث رشتے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرز ڈے ماؤں کی غیر معمولی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔
اپنی والدہ مرحومہ کلثوم نواز کو یاد کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ مدرز ڈے پر اور ہر روز اپنی والدہ کی کمی محسوس کرتی ہیں اور اُن کی محبت، شفقت اور دعاؤں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ والدہ کی دعاؤں کی بدولت آج اس منصب پر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں اور انہوں نے تمام ماؤں کی صحت و تندرستی کے لیے دعا بھی کی۔















