لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں پر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں ، تاہم پنجاب حکومت کے اندرونی ذرائع نے تمام تفصیلات بتا دی ہیں ۔ اراکین اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سینٹر قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ صوبائی اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی عمومی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سماجی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کا 70 فیصد کام مکمل
سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ضلع شیخوپورہ کے عوامی مسائل اور مقامی ضروریات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شیخوپورہ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور شہروں کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) کے پراجیکٹس کے حوالے سے عوام کے مثبت ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کا عزم ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی جدید سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سینٹر قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر 13 روز میں پنجاب پولیس کے 791 اہلکار پکڑے گئے ،کیا سزائیں دی گئیں ؟
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی تکمیل سے صوبے کے شہروں کی صورت تبدیل ہو گئی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔











