لاہور، پنجاب کے صحت کے خصوصی پروگراموں کے تحت مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا مفت علاج فراہم، 17 ہزار سے زائد بچوں کی دل کی سرجریز مکمل

لاہور(پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب کی جانب سے شعبہ صحت میں اصلاحات اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ منتخب ہسپتالوں کے ذریعے صحت کے مختلف خصوصی پروگراموں کے تحت اب تک مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 123 واں اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت سے متعلق مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ بورڈ نے 121 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دے دی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

WhatsApp Image 2026 11 19 at 6.46.12 PM 2

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی صحت پروگراموں کے باعث ایڈلٹ کارڈیک، کینسر، ڈائیلسز، سٹروک، چلڈرن ہارٹ سرجری اور ٹرانسپلانٹ کے علاج کیلئے مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی آئی ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک 17 ہزار 262 سے زائد بچوں کی مفت دل کی سرجریز کی جا چکی ہیں، جبکہ چیف منسٹرز ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت 2 ہزار 944 سے زائد مریضوں کی دل کی مفت سرجریز مکمل کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھین: لاہور، پنجاب یونیورسٹی میں شراب کی متعدد بوتلیں پکڑی گئیں، دو مرد اور ایک خاتون گرفتار، پولیس کے حوالے

خواجہ سلمان رفیق کے مطابق چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 3 ہزار 173 ٹرانسپلانٹس کیے جا چکے ہیں، جن میں ایک ہزار 455 گردوں، ایک ہزار 105 کوکلیئر، 463 جگر، 82 بون میرو اور 68 قرنیہ کے ٹرانسپلانٹس شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 26 لاکھ 69 ہزار سے زائد مفت ڈائیلسز کیے جا چکے ہیں جبکہ 53 ہزار 106 سے زائد مریض پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں۔ اسی طرح کینسر کے خصوصی پروگرام کے تحت 53 ہزار 413 سے زائد مریض رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں اور ایک لاکھ 98 ہزار 686 سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

WhatsApp Image 2026 11 19 at 6.46.11 PM 2

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت سالانہ 3 ارب روپے جبکہ کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے سالانہ 10 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔ سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت بھی سالانہ تقریباً سوا ارب روپے کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ ہسپتالوں کو ہدایت کی کہ مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں مزید تیزی سے کمی لائی جائے اور عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس موقع پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے منتخب ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے