پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد کی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ملاقات، فلم انڈسٹری کی بحالی اور فلم سٹی کے قیام پر تبادلہ خیال

لاہور (پنجاب پوسٹ)پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلم انڈسٹری کی بحالی، فلم سٹی کے قیام اور فنکاروں کی معاونت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی اور پروڈیوسرز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند نے کی۔ وفد میں معروف اداکار شان شاہد، فلم ساز سید نور اور چوہدری ذوالفقار شامل تھے، جبکہ ٹی وی اینکر اور سینئر صحافی ذوالفقار راحت، احمد افتخار اور رانا نعیم بھی وفد کا حصہ تھے۔سپیکر نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کروایا اور انہیں قانون سازی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب فن و ثقافت، فنکاروں اور فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق فلم سٹی کے قیام کا منصوبہ پنجاب حکومت کے فن و ثقافت کے فروغ کے وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم پروڈیوسرز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ فلم سازی کے لیے مختص فنڈز میں پنجاب کے فلم پروڈیوسرز کو ترجیح دی جائے اور مقامی فنکاروں اور پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وفد نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کے دوران فلم انڈسٹری اور فنکاروں کے مسائل کو خصوصی اہمیت دی جائے اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کی تجاویز کو قانون سازی میں شامل کیا جائے۔ وفد کے مطابق مضبوط اور فعال فلمی صنعت کے قیام کے لیے فنکاروں اور پروڈیوسرز کی معاونت ضروری ہے۔

ملاقات میں حکومت، قانون ساز اداروں اور فلم انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت اور فلم انڈسٹری کا تعاون پاکستانی فلمی صنعت کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے