اجوکا تھیٹر کا پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026ء پر شدید تحفظات، قانون پر نظرثانی اور متنازعہ شقوں کی واپسی کا مطالبہ

لاہور(پنجاب پوسٹ)اجوکا تھیٹر نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026ء پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادیٔ اظہار اور فنکارانہ آزادی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ قانون میں کمرشل تھیٹر اور بامقصد سماجی، لوک، طلبہ و کمیونٹی تھیٹر کے درمیان فرق نہیں رکھا گیا۔ اجوکا نے حکومت سے قانون پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے متنازعہ شقوں کی واپسی کے لیے پُرامن مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔

اجوکا تھیٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم کی سربراہی میں ایک وفد نے سیکریٹری اطلاعات و ثقافت طاہر رضا حمدانی سے ملاقات کر کے بل پر اپنے تحفظات پیش کیے۔ وفد میں نروان ندیم اور کنول کرسٹوفر شامل تھے، جبکہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محبوب عالم بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اجوکا کا مؤقف ہے کہ کمرشل تھیٹر میں فحاشی کی روک تھام ضروری ہے، تاہم قانون میں غیر معیاری کمرشل تھیٹر اور بامقصد تھیٹر کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کیا گیا۔ تنظیم کے مطابق مبہم اصطلاحات، حکام کو وسیع اختیارات، پرفارمنسز پر پابندی، تھیٹر ہال سیل کرنے اور فنکاروں کو سخت سزائیں دینے کی شقیں تخلیقی آزادی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
اجوکا نے نشاندہی کی کہ بل کی تیاری میں تھیٹر سے وابستہ افراد اور فنکاروں سے بامعنی مشاورت نہیں کی گئی، حالانکہ اس سے قبل بھی حکومت کو تحریری طور پر تجاویز اور اعتراضات بھجوائے گئے تھے۔

اجوکا تھیٹر کی چیئرپرسن زارا سلمان نے کہا کہ حکومت ایک طرف ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کی بات کرتی ہے، لیکن دوسری طرف ایسا قانون نافذ کر رہی ہے جو نوآبادیاتی دور کی سنسرشپ کو دوبارہ زندہ کرتا ہے۔ ان کے مطابق ثقافت کو پابندیوں، سنسرشپ اور دھمکیوں کے ذریعے فروغ نہیں دیا جا سکتا۔

اجوکا تھیٹر نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ قانون پر نظرثانی کرتے ہوئے تھیٹر فنکاروں، ڈرامہ نگاروں، ثقافتی اداروں، قانونی ماہرین اور سول سوسائٹی سے مشاورت کی جائے۔
تنظیم نے ملک بھر کے فنکاروں، طلبہ، ثقافتی کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ فنکارانہ آزادی کے تحفظ اور قانون کی متنازعہ شقوں کی واپسی کے لیے پُرامن مہم میں متحد ہوں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے