بابا گرو نانک کا 557 واں جنم دن، 3000 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری، پاکستان میں استقبال کے لیے کیا حیران کن انتظامات کیے گئے ہیں؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے تقریباً 3 ہزار بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ یاتریوں کے استقبال، سفر، رہائش، طعام اور طبی سہولتوں کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔

بھارتی سکھ یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا۔ بعد ازاں انہیں اسپیشل بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا۔ 23 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے۔

24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جس میں بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔

25 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب سے گوردوارہ سچا سودا اور فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں رات گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 26 نومبر کو بھی وہ گوردوارہ پنجہ صاحب میں ہی قیام کریں گے۔
27 نومبر کو یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، نارووال جائیں گے اور رات نارووال میں قیام کریں گے۔ 28 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب نارووال کے مقام پر کبڈی میچ منعقد ہوگا، جس کے بعد یاتری لاہور پہنچ کر گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔
شیڈول کے مطابق 29 اور 30 نومبر کو یاتری لاہور کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے، جبکہ یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مطابق یاتریوں کے سفر کے لیے اسپیشل بسوں کا انتظام کیا گیا ہے، جن کا کرایہ یاتری خود ادا کریں گے۔ تاہم ان کی رہائش اور کھانا متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یاتریوں کو میڈیکل کی مفت سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت بابا گرو نانک کے جنم دن پر بھارت سے تین ہزار یاتری پاکستان آ سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تین ہزار سے زائد بھارتی یاتری پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں، لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث بڑی تعداد میں سکھ اور نانک نام لیوا پاکستان نہیں آ سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈھائی ہزار سے زائد یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔

گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے 2400 ویزے جاری کیے گئے تھے، تاہم صرف 1932 یاتری پاکستان آئے۔ تقریباً 300 یاتریوں کے ایک جتھے کو بھارتی حکومت نے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے