لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 232 ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ اور سمت شمالی ہے۔صبح 11 بجے کے بعد ہوا کی رفتار میں اضافے سے فضائی آلودگی کے پھیلاؤ میں بہتری اور AQI میں کمی متوقع ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال پر کلائمیٹ واچ کے ذریعے مسلسل نظر ، ہوا کی رفتار، سمت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق انسدادِ سموگ اقدامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں سموگ گنز آپریشن اور پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ جاری ہے، فضائی آلودگی کے ذرات کو کم کرنے کے لیے حساس مقامات پر خصوصی توجہ کی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے لیے بھرپور فیلڈ انفورسمنٹ، صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف سینکڑوں کارروائیاں کے گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر، ایئر کوالٹی انڈیکس 232 ریکارڈ
کمزور ہواؤں کو آلودگی کے مقامی ذرائع پر کارروائی میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جا رہا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مانیٹرنگ، فیلڈ انسپیکشن اور قانون شکنی پر فوری کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب بھر کے 256 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن، ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر 15 یونٹس سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج اور 15 لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں 451 بھٹوں کی انسپیکشن، 5 بھٹے مسمار، 6 سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج اور 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
پلاسٹک آلودگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 136 مقامات کی انسپیکشن، 38 کو نوٹس جاری، 221 کلوگرام غیر معیاری پلاسٹک ضبط، خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔دھوئیں کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے 92 باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کی چیکنگ، 59 مقامات پر سکشن ہڈز نصب، ایک مقام سیل اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اڑتی ہوئی دھول کی روک تھام کے لیے 18 مقامات کا معائنہ، 3 کو نوٹس، ایک مقام سیل اور 6 مقامات پر سپرنکلرز نصب، تعمیراتی اور گردوغبار کے ذرائع کی نگرانی جاری ہے۔
ڈرون اسکواڈ، نائٹ اسکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ کی مسلسل نگرانی، دن اور رات آلودگی پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی اور خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی، سموگ کنٹرول کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور فیلڈ انفورسمنٹ بیک وقت فعال ہے۔
ماحولیاتی بہتری کے لیے صرف سازگار موسم کافی نہیں، آلودگی کے ذرائع پر مؤثر کنٹرول اور مسلسل عملدرآمد بھی ضروری ہے؛ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں یہی حکمت عملی جاری ہے۔سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے بھی ہدایت کی ہے کہ کسان فصلیں نہ جلائیں,شہری کارپولنگ اختیارکریں ,گاڑیوں کی فٹنس کروائیں اورکسی بھی قسم کے کوڑے کو اگ ہرگز نہ لگائیں۔













